لاہور (جیوڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہاہے کہ نواز شریف نے اب تک جتنی بھی ملاقاتیں کی ہیں وہ سب ان کی اپنی اتحادی پارٹیاں ہیں وہ اپوزیشن کی پارٹیاں نہیں ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری پیچھے نہیں ہٹ سکتے اگر ایسا کرتے ہیں تو ان کی سیاست ختم ہو جائیگی، حالات خراب ہونے پر فوج مداخلت کریگی، سپریم کورٹ بھی جاسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو بھی نواز شریف کے ساتھ کھڑا ہوگا۔
اس کا سیاسی مستقبل تباہ ہو جائیگا، عوام باہر نکلیں گے تو ایم کیو ایم بھی نکلے گی حتمی فیصلہ الطاف حسین نے کرنا باقی تو سب جمعہ جنج نال والی بات ہے، جو بھی قوم کو نجات دلانے کے لئے گرفتار ہوگا وہ ایک طرح سے سیاسی جہاد کریگا، جب یہ گرفتاریاں ہوں گی تو پیپلزپارٹی کیلئے بھی سوچنے کا مقام ہوگا۔
شیخ رشید نے کہا کہ آرٹیکل 245 کے بارے میں فوج نے خود کہا ہے یہ بہت پرانی سمری تھی یہ اسوقت منظر عام پر نہیں لائے لیکن اب انہوں نے اس کو 14 اگست کے مارچ سے جوڑ دیا ہے۔
فوج تو خود حکومت سے اس بارے میں وضاحت مانگ رہی ہے، جب عوام باہر نکلیں گے تو انہوں نے اپنے ٹرکوں پر پاک فوج کے جھنڈے لگا دینے ہیں پھر فوج کیاکریگی، نوازشریف کو کسی سیاسی مخالف کی ضرورت نہیں ہے ان کی اپنے فیصلے ہی ان کی حکومت کو گرادیں گے۔