لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) کنڈیشنز کا خوف کیویز کے اعصاب پر سوار ہونے لگا جب کہ بنگلادیش کی اسپن پچز کے ستائے کیویز پاکستان میں پیس فرینڈلی وکٹوں کی خواہش کرنے لگے۔
نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر میٹ ہینری کہتے ہیں کہ توقع ہے کہ یہاں کنڈیشنز بیٹنگ کے ساتھ فاسٹ بولنگ کیلیے بھی ساز گار ہوں گی, پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی خوش آئند ہے، ہوم گراؤنڈ پر گرین شرٹس مشکل حریف ثابت ہوں گے۔
ادھر پاکستانی ٹیم نے اتوار کو آرام کیا, پیر کو پھر ہتھیار چمکانے پر توجہ مرکوز ہوگی, خامیاں دور کرنے کی کوشش کی جائے گی. تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ ٹیم بنگلادیش سے سیدھی پاکستان آئی ہے، جہاں ٹوئنٹی 20 سیریز میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس دوران انھیں وہاں کی اسپن کنڈیشنز نے خوب پریشان کیا، لو اور سلو وکٹوں پر نو آموز بیٹسمینوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا, اس لیے پاکستان آمد کے باوجود کیویز کے اعصاب پر بدستور کنڈیشنز کا خوف سوار ہے, مہمان سائیڈ یہاں پر پیس فرینڈلی وکٹوں کی خواہش کرنے لگے۔
کیوی فاسٹ بولر میٹ ہینری نے اسلام آباد سے ورچوئل پریس کانفرنس میں کہا کہ بنگلادیش میں کنڈیشنز مختلف اور مشکل تھیں، اس کے باوجود ہماری ٹیم نے ہم آہنگی پیدا کرتے ہوئے پرفارم کرنے کی کوشش کی، کارکردگی میں بہتری کے آثار بھی نظر آئے، چند اچھی اننگز دیکھنے میں آئیں، امید ہے کہ پاکستان میں پچز بیٹنگ کیلیے زیادہ بہتر ہونے کے ساتھ پیسرز کیلیے بھی سازگار ہوں گی۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان اپنی ہوم سیریز یو اے ای میں کھیلنے پر مجبور رہا، یہاں انٹرنیشل کرکٹ کی واپسی خوش آئند ہے، میزبان کرکٹرز کو اپنے میدانوں پر کارکردگی دکھانے کا موقع ملے گا، ہمیں پاکستان میں ایک مضبوط ٹیم کا سامنا ہوگا، گرین شرٹس اپنی کنڈیشنز سے اچھی طرح آگاہ اور ہمارے لئے سخت چیلنج ثابت ہوں گے۔
ہینری نے کہا کہ میچز میں کراؤڈ کا آنا بھی کھلاڑیوں کیلیے حوصلہ افزا ہوگا، سیریز کیلیے تمام کیوی کرکٹرز پرجوش ہیں، ورلڈ کپ 2019کے نیوزی لینڈ کیخلاف میچ کے دوران اسٹیڈیم میں پاکستانی سپورٹرز کی بڑی تعداد موجود تھی، اچھے ماحول میں کرکٹ سے لطف اندوز ہوئے۔
اس میچ میں یادگار اننگز کھیلنے والے بابر اعظم کے بارے میں سوال پر میٹ ہینری نے کہا کہ پاکستانی کپتان بہترین بیٹسمین ہیں، ان کو کنڈیشنز کا تجربہ رکھنے والے اچھے پلیئرز کی خدمات بھی حاصل ہیں،اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس اچھی پیس بیٹری موجود ہے، گزشتہ دو، تین سال میں چند بہترین فاسٹ بولرز کے سامنے آئے ہیں۔
ہینری نے کہا کہ پاکستانی کھانوں کے بارے میں سنا ہے، ان کا ذائقہ چکھنے کی کوشش کروں گا۔ دوسری جانب پاکستان ٹیم نے اتوار کے روز مکمل طور پر آرام کیا، کسی قسم کی کوئی ٹریننگ نہیں ہوئی اور نہ ہی میڈیا سرگرمی ہوئی۔ پیر کو پھر سے کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کو چمکانے میں مصروف ہوں گے۔