کراچی : معروف مذہبی اسکالر و جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہاہے کہ 6 ستمبر کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ قوم بے مثال اتحاد ویکجہتی کاثبوت دیکراندارونی وبیرونی دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملائے۔
،تمام سیاستدان اور عوام ملکی استحکام وترقی کیلئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ہاتھ مضبوط کریں،بھارت 65ء کی شکست کو مت بھولے، گڈر ببکیوں سے ڈرنے والی قوم نہیں ،ہم اپنے دشمنوں کی سازشوں سے بے خبر نہیں ہیں ،پاک فوج کے جوانوں کی صلاحیتوں کو دنیا تسلیم کرچکی ہے،ہفتہ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے جاری بیان میں مفتی محمدنعیم کہاکہ موجودہ نازک حالات میںتمام سیاسی وبالخصوص مذہبی قوتوںکے مابین اتحادواتفاق اورہم آہنگی کی فضا قائم رکھنا ناگزیر ہوچکا ہے ،ایک جانب اسلام مخالف قوتیں اسلام اور مسلم امہ کو مٹانے کے درپے ہیں،۔
دوسری جانب بھارت آئے روز جارحیت کے ذریعے قوم کو خوفزدہ کرنے کی ناکام کوششوںمیں مصروف ہے، بھارت کو یادرکھنا چاہیے کہ 65ء کی جنگ میں شکست اس کا مقدر بنی تھی آج الحمد اللہ پاکستانی افواج 65ء کی فوج سے زیادہ مستحکم اور مضبوط ہیں ، انہوںنے کہاکہ بھارت اور دشمن قوتوں کو یہ غلط فہمی ہے کہ پاکستان گزشتہ دس سالوں میں دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑتے لڑتے کمزور ہوچکاہوگامگر ایسا ہرگز نہیں آج وطن عزیز الحمد اللہ ہر لحاظ سے مضبوط ہے،انہوں نے کہاکہ 6 ستمبر 1965 ء کورات کے اندھیرے میں بھارت نے پاکستان پرحملہ کیا جس کا بہادرافواج نے دندان شکن جواب دیا تھا بھارت آج بھی 17 روزہ اس جنگ سے کے خوف سے باہر نہیں آسکاہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم خطے کی سب سے مضبوط قوم ہے پوری قوم دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کے شانہ بشانہ ایک پیج پرکھڑی ہے، بھارت اپنے عزائم سے بازرہے اگر پاکستانی افواج نے جواب دیا تو پھر چھپنے کی جگہ بھی میسر نہیں ہوگی ،، انہوں نے کہاکہ مملکت خداد اد پاکستان کی عوام کو قیادت کرنے والے توبہت ملے ہیں لیکن یوم آزادی سے لیکر آج تک اس ملک اورقوم کو مخلص رہنمانہ مل سکااورتاریخ گواہ ہے کہ اس ملک کو نقصان ہمیشہ سیاسی قیادت نے پہنچایاہے،پاکستانی قوم ہمیشہ سے متحد ہے۔
اور 48 ء سے لیکر 65ء کی جنگ اور 71ء سے لیکر 2005 ء کے زلزلے تک قوم کے اتحادواتفاق اورایثاروقربانی کے جذبے کی دنیاگواہ ہے لیکن یہ نام نہاد سیاسی قیاددت ہی ہے جو قومیت ولسانیت کے بدبودار نعروں کے ذریعے قوم کے جذبات سے کھیلتی اور ذاتی مفادات کی سیاست کرتی رہی ہے ۔مفتی محمدنعیم نے سیاستدانوں سے مطالبہ کیاکہ قومیت ولسانیت کے بدبودار نعروں اور مفاد پرستی کی سیاست ختم کرکے ملی یکجہتی کامظاہرہ کریں ،انھوں نے قوم سے بھی اپیل کی کہ داخلی وخارجی چیلنجزسے نمٹنے کے لیے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ہاتھ مضبوط کیے جائیں یہی یوم دفاع کا تقاضہ ہے۔#