امن مشن میں شہید ہونے والے سپاہی فہد افتخار سپرد خاک

 Fahad Iftikhar Buried

Fahad Iftikhar Buried

کراچی (جیوڈیسک) شمالی افریقہ کے ملک بینگوئی میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوان فہد افتخار کو جمعے کو کراچی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق عالمی امن کے ادارے کی جانب سے پاک فوج کے جوان فہد افتخار شمالی افریقہ میں تعینات تھے۔ 9 اکتوبر کو بینگوئی میں دہشت گردوں نے اچانک فائرنگ کردی جس کے باعث فہد افتخار شہید ہوگئے۔ فہد افتخار کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ شہادت پر غم زدہ نہیں ہیں بلکہ ان کے لیے یہ اعزاز کی بات ہے۔ یاد رہے کہ فہد افتخار نے 2001 میں پاک فوج میں شمولیت اختیار کی تھی اور ان کی 5 ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔

فہد افتخار عالمی امن مشن میں شہید ہونے والے پاک فوج کے 141 ویں جوان ہیں۔ جب فہد افتخار کی میت ان کے گھر پہنچی تو گھر والوں کے ساتھ اہلہ محلہ بھی غم زدہ تھے۔ اس موقع پر فہد افتخار کے ماموں کا کہنا تھا کہ وہ خوش مزاج اور اپنے کام سے محبت کرنے والے انسان تھے اور ان کی شہادت پر انہیں فخر ہے۔ نماز جنازہ میں اعلیٰ فوجی افسران نے بھی شرکت کی اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ میت کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔