اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ کے باہر لیگی رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے مختلف جماعتوں نے سپریم کورٹ کا رخ کر لیا ہے، جن کا مقدمے میں نام نہیں وہ بھی عدالت آ رہے ہیں اور وزیراعظم سے استعفیٰ مانگ رہے ہیں، آپ دیکھ رہے ہیں کیس کیسے کیسے رنگ بدل رہا ہے، بتایا جائے والیم 10میں کونسے راز دفن ہیں۔
دانیال عزیز نے کہا چوہدری شجاعت آج سپریم کورٹ میں نظر نہیں آئے، آئی سی آئی جے نے سب سے پہلے مونس الہیٰ کی آف شور کمپنی کا ذکر کیا تھا، مجھے بتانے کی ضرورت نہیں کہ بینکوں کے ملازموں کے بیان بدلے گئے تھے۔
پیپلزپارٹی پر تنقید کرتے ہوئے لیگی رہنما نے کہا آج پی پی کے لوگ بھی عدالت میں نظر آئے، بلاول بھٹو عمران خان کی زبان بول رہے ہیں، وہ ایسا کرنے پر کیوں مجبور ہو گئے ہیں، ڈاکٹر عاصم کو دہشت گردی اور نیب کے الزام میں گرفتار کیا گیا، پتہ نہیں 230 ارب روپے کونسے خزانے میں جمع کرائے گئے ہیں۔
دانیال عزیز نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اپنے موقف سے کیوں بھاگ گئی، انہوں نے اپنی پٹیشن میں تبدیلی کیوں کی؟، اب صرف وزیراعظم سے استعفیٰ مانگ رہے ہیں، پی ٹی آئی کا وکیل اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹ چکا ہے۔
قبل ازیں سپریم کورٹ کے باہر عابد شیر علی نے مخالفین پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی نے گزشتہ روز جشن کے لئے سارے پاکستان کے ورکرز کو بلایا ہوا تھا، عمران خان جمہوریت کا دھڑن تختہ کرنا چاہتے ہیں۔ شاہ محمود قریشی ٹرپل شاہ ہیں، قوم کوبتائیں کتنے ارب روپے کے نذرانے چڑھائے جاتے ہیں، کتنا نذرانہ ملا اور کتنا ٹیکس ادا کیا؟۔
عابد شیر علی نے شیخ رشید پر خوب تنقید کی، وفاقی وزیر نے کہا شیخ رشید کو نالہ لئی میں ڈوب کر مرجانا چاہیئے، 25 سال نوازشریف کے جوتے پالش کرتے رہے، ان کے پاس کروڑوں روپے کی پراپرٹی کہاں سےآئی؟،انہوں نے کہا چودھری شجاعت ایسے ہے جیسے بیگانی شادی میں دلہا دیوانہ، بتائیں بیرون ملک ان کی کتنی بے نامی جائیدادیں ہیں؟۔