اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کچھ کرنے کی اہلیت ہی نہیں رکھتی، اگر ملک میں ووٹوں کی تصدیق کی گئی تو 90 فیصد حلقوں میں کراچی کے حلقہ این اے 256 جیسا ہی نتیجہ آئے گا۔ اسلام آباد میں جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ الیکشن ٹریبونل نے 120 دنوں میں الیکشن پٹیشن کے فیصلے کرنا تھے، لیکن ابھی تک نہیں ہو ئے، لگتا ہے آئندہ 5 سال ایسے ہی گزر جائیں گے۔ چوہدری شجاعت نے کہا کہ حکومت مقبول ہے یا غیر مقبول، اندازہ 6 ماہ بعد ہو گا، ابھی مہنگائی کا طوفان آئے گا۔
اگر حکومت اس طوفان سے نکل گئی توسمجھیں کامیاب ہو گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی اتنی مہنگی کی جا رہی ہے کہ لوگ 1 ماہ میں لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ بھول جائیں گے اور میٹر کٹوا کر لالٹین استعمال کریں گے۔ چوہدری شجاعت نے کہا کہ فیصل آباد میں پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی، ق لیگ کے مکمل تعاون کے باعث ہوئی۔