لاہور (جیوڈیسک) مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کانگو وائرس سے بچائو کے لئے مویشی پالنے والوں، مویشیوں کے بیوپاریوں، قصابوں اور ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف کو حفاظتی اقدامات کے بارے میں ضروری آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ کانگو بخار کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں اور نرسوں کو حفاظتی کٹس فراہم کی جائیں۔ انہوں نے یہ بات صوبے میں کانگو وائرس کے ممکنہ خدشہ کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے سلسلہ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
لائیوسٹاک کے افسران نے بتایا کہ کانگو وائرس جانوروں کی جلد پر موجود چیچڑوں کے کاٹنے سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے اور کھلے میدانوں، چراگاہوں والے علاقے میں زیادہ پایا جاتا ہے انہوں نے بتایا۔
کہ عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی بڑے پیمانے پر نقل وحمل کے علاوہ مویشی منڈی میں لائے جانے والے ہزاروں جانوروں کی وجہ سے بھی یہ مرض پھیلنے کے امکانات رہتے ہیں۔ کانگو وائرس ایک متاثرہ شخص کے خون اور دیگرر طوبتوں کے لگنے سے تندرست آدمی میں منتقل ہو جاتا ہے۔