واشنگٹن (جیوڈیسک) صدر اوباما نے کانگریس میں اپوزیشن پر الزام عائد کیا ہے کہ اہم معاملات پر ان کی تجویز کردہ قانون سازی کانگرس میں ری پبلکنز کے تاخیری حربوں کا شکار ہو گئی ہے۔
گزشتہ روز اپنے ہفتہ وارخطاب میں انہوں نے کہاکہ کانگرس امریکی شہریوں کی فلاح کیلئے ضروری قانون سازی میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے جس کے باعث ان کی انتظامیہ کو اپنے تئیں اقدامات کرنا پڑ رہے ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایوانِ نمائندگان کے ری پبلکن ارکان واشنگٹن میں صرف اس لیے جمع ہوئے تھے تاکہ اپنے صدارتی اختیارات استعمال کرنے پر ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی قرارداد پاس کر سکیں۔
ادھر ری پبلکن جماعت کی جانب سے ہفتہ وار خطاب کرتے ہوئے شمال مغربی ریاست اوریگان سے ایوانِ نمائندگان کے منتخب رکن گریگ والڈن نے کہا کہ صدر اوباما کو اپنے فرائضِ منصبی ادا کرتے وقت دوسروں سے مشورہ کرنے کا خیال نہیں رہتا۔