کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے اہل تشیع اور اہل سنت عوام سے اپیل کی ہے کہ اتحاد بین المسلمین کے لیے ایک دوسرے کا احترام کریں اور فرقہ وارانہ فسادات کی آگ بھڑکانے کی کوششوں کو ناکام بنادیں۔ انہوں نے یہ بات نائن زیرو پر رابطہ کمیٹی سمیت تمام تنظیمی اور شعبہ جات کے ارکان سے خطاب میں کہی۔
الطاف حسین نے کہا کہ واقعہ کربلا کسی ایک فقہے یا مسلک کے ماننے والوں کے لیے نہیں بلکہ اس میں تمام مسلمانوں کے لیے درس ہے۔ الطاف حسین نے اہل تشیع اور اہل سنت عوام سے اپیل کی کہ اتحاد بین المسلمین کے لیے ایک دوسرے کا احترام کریں اور شیعہ سنی فساد کی آگ بھڑکانے کی کوششوں کو ناکام بنائیں اور فرقہ وارانہ قتل و غارت کی مذمت کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام اپنے اپنے علاقوں میں امن کمیٹیاں بنائیں اور فرقہ وارانہ فساد کی سازشیں کرنے والے عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔ اس موقع پر متحدہ کے قائد نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے والے علمائے کرام کی کوششوں کو سراہا۔