لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے اندرون لاہور میں مسلم لیگی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بجلی کے کارخانوں کے ساتھ ساتھ موٹروے کا جال بھی بچھایا جا رہا ہے، لاہور سے کراچی موٹروے مکمل ہونے جا رہی ہے جبکہ کراچی اور گوادر پورٹ پر تیزی سے کام جاری ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ریلوے پر 8 ارب روپے خرچ کرنے جا رہے ہیں جس کے بعد یہ 160 کی سپیڈ پر دوڑے گی، دھرنے دینے والوں اور الزام تراشی کرنے والوں کو ووٹ دینے والے آج پچھتا رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ وزراء اور ارکان اسمبلی عوامی رابطہ مہم تیز کریں، کسی کارکن کی دل آزاری ہوئی تو ارکان اسمبلی جوابدہ ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ جب پنجاب میں 3600 میگا واٹ کے منصوبے شروع کرنے کی بات کی تو تمام وزراء نے مخالفت کی، وزیر اعظم کی سیاسی بصیرت کی وجہ سے پنجاب میں بجلی کے منصوبے مکمل کئے ہیں۔
اس سے قبل وزیر اعظم نے ایوان وزیر اعلیٰ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں پنجاب کے آئندہ مالی سال کے بجٹ، ترقیاتی منصوبوں اور خاص طور پر توانائی کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے وزیر اعظم کو مختلف منصوبوں کے بارے بریفنگ دی۔