ٹانڈہ، فرانس (میاں عرفان صدیق) چوہدری ظہورالٰہی شہید کے ساتھی ہونے پر فخر ہے، جب حلقہ میں نوابی سامراج کا راج تھا اور چوہدری ظہورالٰہی شہید سے ملنے والوں پر نوابی قہر نازل ہوتا تھا، اس وقت بھی چوہدری ظہورالٰہی کا ساتھ دیا، آج بھی ان کے سپوتوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار سینئر رہنما مسلم لیگ ق فرانس چوہدری منیر احمد وڑائچ آف بھاگووال کلاں نے تنظیم صحافیاں رجسٹرڈ کے مرکزی دفتر ٹانڈہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ساتھیوں ، دوستوں کی مشاورت کے بعد بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے اور یونین کونسل بھاگووال کی تمام سیٹیں جیت کر چوہدری وجاہت حسین کو تحفہ دیں گے۔
جنرل الیکشن میں چند مفادپرست لوگوں کی وجہ سے پارٹی کے ورکر ناراض ہوئے تمام ناراض ورکروں کو گھرگھر جاکر منائیں گے، ہمیں اپنے ذاتی مفاد کی نہ پہلے کبھی ضرورت تھی اور نہ ہی آج کوئی ضرورت ہے، 1993 ءمیں مسلم لیگ یوتھ ونگ میں بطور سینئر نائب صدر حلقہ پی پی 93 میں خدمات سرانجام دیں، گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول ٹانڈہ میں طالب علمی کے دور میں سکول کی زمین پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف اعلان جنگ کرتے ہوئے سکول کا رقبہ واگزار کروایا۔
چوہدری وجاہت حسین سے دلی محبت ہے، چوہدری ظہورالٰہی شہید کے خدمت اور تابعداری مشن کے منشور کو لیکرعوامی خدمت کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں، ہماری تیسری نسل چوہدری برادران کے خدمت مشن میں ان کے شانہ بشانہ ہیں، آج مہنگائی ، بے روزگاری کے باعث عوام خودکشیوں پر مجبور ہیں، موجودہ منتخب حکومتی نمائندوں سے آج تک کوئی بھی منصوبہ شروع نہیںکیا، ہمارے قائد کے منصوبوں پر تختیاں لگا کر خدمت کے دعوئے بے معنی ہیں۔
چوہدری وجاہت حسین اور چوہدری سعادت نواز اجنالہ میری فیورٹ شخصیات ہیں، چوہدری وجاہت حسین جلد فرانس کادورہ کریں گے جب وہ فرانس آئیں گے تو ان کا تاریخی استقبال کیا جائے گا اس موقع پر چوہدری مشتاق وڑائچ، چوہدری بشارت وڑائچ، چوہدری شہرام ودیگر بھی موجودتھے۔