اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ، الیکشن کمیشن اور حکومت کو آئین میں ترمیم کا حق نہیں بلکہ صرف پارلیمنٹ کو یہ حق حاصل ہے۔
اسلام آباد سے پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کو پہلے ہی متنازع بنا دیا ہے، پی ڈی ایم اس بات پر متفق ہے کہ آئین میں ترمیم کا حق صرف پارلیمنٹ کو ہے، نہ سپریم کورٹ، نہ الیکشن کمیشن اور نہ حکومت کو یہ حق حاصل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سیاسی جماعت کی سینیٹ نشستیں صوبائی اسمبلی کی سیٹوں کے مطابق ہونی چاہئیں، سپریم کورٹ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا چور دروازے سے آئین میں ترمیم کی مکمل مخالفت کرتے ہیں، ایسی کوشش بڑی زیادتی ہوگی جس کی پی ڈی ایم مخالفت کرے گی، ویڈیو اسکینڈل میں پیسے لینے اور دینے والے پی ٹی آئی کے لوگ ہیں، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن بھی چوری ہوتے ہیں۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہمارے چار رہنما جیلوں میں ہیں، مطالبہ کرتا ہوں جیلوں میں موجود اراکین کو ووٹ ڈالنے دیا جائے، سینیٹ میں پہلی بار ایک نشست پر اتنا شور شرابہ ہو رہا ہے ، عدالت سے قانون میں ترمیم کا کہا جا رہا ہے ، ہم خود ہارس ٹریڈنگ کے شکار ہوئے، شور تو ہمیں کرنا چاہیے تھا، ترمیم پارلیمان کا ہی اختیار ہے ، حکومت رابطے کرکے اپنے حالات بہتر بنائے، سینیٹ الیکشن میں عدلیہ کے سہارے لیے جارہے ہیں، شفافیت ہونی چاہیے لیکن پارلیمنٹ کا اختیار کوئی ادارہ نہیں لے سکتا، الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن کو متنازع بنادیا۔
راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کے امیدوار بننے کے بعد حکومت کے پسینے چھوٹ گئے، حکومت ووٹرز کو کنفیوژ کرنے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن معزز اراکین اسمبلی میرٹ پر فیصلہ کرینگے۔