آئین کا مکمل نفاذ اور قانون کی حکمرانی ضروری ہے: امیر پٹی

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جمہوریت ہو یا آمریت ہر دور اقتدار میں عوام پاکستان کا استحصال کیا گیا اور استحصالی طبقات نے دونوں ہاتھوں سے قومی وسائل کو لوٹا کیونکہ پاکستان کا کوئی دور قانون کی حکمرانی سے عبارت نہیں رہا اور ہر حکمران و حکمران جماعت سے آئین و قانون سے کھلواڑ کرتے ہوئے اس ملک و قوم پر اپنی حکمرانی و شہنشاہیت کو ترجیح دی اور اب بھی صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور آئین میں موجود انتخابی قوانین پر مکمل عملدرآمد و 62و63پر عدم عملدرآمد کا انجام قومی ‘ سیاسی و جمہوری بحران کی صورت سامنے آیا ہے اور عوام آج بھی استحصالیوں کی غلامی کے چنگل میں سسک رہے ہیں اور عدالتیں انہیں تحفظ کی فراہمی میں ناکام دکھائی دے رہی ہیں۔

روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر علی پٹی والا نے وزیراعظم نااہلی کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو پاکستان کے مستقبل کیلئے اہم موڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ روشن پاکستان پارٹی اپنے قیام سے ہی اس ملک میں مکمل آئین کے نفاذ وحکمرانی اور قوانین کی مکمل پابندی و اطلاق کا مطالبہ و جدوجہد کررہی ہے اور تمام سیاسی جماعتوں و قائدین اور گزشتہ دو عشروں کے دوران تمام ممبران ایوان زیریں و بالا کو اس سلسلے میں موثر تجاویز و مکمل ضابطہ نفاذ آئین و قوانین ارسال کر چکی ہے مگر عوام کو غلام بنائے رکھنے کیلئے قوانین کو ذاتی مفادات کی سمت موڑنے اور توڑنے والوں نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی۔

آج انتخابات میں دھاندلی سے لیکر کرپشن ‘ کمیشن ‘ عوامی استحصال ‘ اختیارات سے تجاوز ‘ عوام کی جان و مال سے کھلواڑ اور جمہوریت و حب الوطنی کی آڑ میں ملک و قوم دشمنی جاری و ساری ہے اور فراہمی انصاف و تحفظ کا ادارہ عوام دشمنوں کو کیفر کردار تک پہنچانے یا قومی سلامتی و عوامی مفادات کو محفوظ بنانے اور انصاف فراہم کرنے میں میں ناکام دکھائی دیتا ہے۔