کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین سینٹ رضا ربانی کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 6 کو آئین کے دفاع میں ناکام قرار دیئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان راجونی اتحاد میں شامل ایم آر پی چیئرمین امیر پٹی ‘ خاصخیلی رہنما سردار غلام مصطفی خاصخیلی ‘ سولنگی رہنما سردار خادم حسین سولنگی ‘راجپوت رہنما عارف راجپوت ‘ ارائیں رہنما اشتیاق ارائیں ‘ مارواڑی رہنما اقبال ٹائیگر مارواڑی ‘ بلوچ رہنما عبدالحکیم رند ‘ میمن رہنما عدنان میمن‘ہیومن رائٹس رہنما امیر علی خواجہ اور خان آف بدھوڑہ یحییٰ خانجی تنولی و دیگر نے کہا ہے کہ آئین کا دفاع آرٹیکل 6 کی نہیں بلکہ پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے۔ اس مقصد کیلئے پارلیمنٹ کے پاس آئین کا آرٹیکل 6 ہے۔
لیکن جب پارلیمنٹ اپنے فرائض کی بجاآوری کی بجائے مفادات کی تابع ہوجائے تو پارلیمنٹرین کی مفاد پرستی کے باعث بھوک ‘ بیروزگاری ‘ مہنگائی ‘ گرانی ‘ غربت ‘ بجلی ‘ پانی و گیس بحران ‘ لاقانونیت ‘ جرائم ‘ بد امنی ‘ دہشتگردی اور مافیاز سے پریشان عوام سے آئین کے تحفظ کیلئے اٹھ کھڑے ہونے کی فرمائش عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے کیونکہ عوامی مینڈیٹ کی حامل پارلیمنٹ مینڈیٹ کا کوئی بھی تقاضہ پورا کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے۔