کراچی : ملیر ماڈل کالونی زون میں 100روزہ تعمیر کراچی پروگرام کے تحت بلدیہ کورنگی کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی کے ساتھ جاری ہے ،عوام کو بنیادی مسائل سے چھٹکارہ دلا نے اور ماڈل یوسی میں تعمیر و ترقی اور بلدیاتی مسائل سے پاک بنا نے کے لئے جہاں صفائی وستھرائی ،روشنی کے انتظامات کو بہتر بنا یا جارہا ہے۔
وہیں واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے تعاون سے سیوریج سسٹم کی درستگی ،ماڈل یوسی میں قائم فیملی پارکس ،کھیل کے میدان اور بلدیہ کورنگی کے زیر انتظام اسکولوں اور ڈسپنسریوں کو بھی فعال اور تزئین وآرائش کا کام انجام دیا جارہا ہے۔
چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے یونین کمیٹیز کے چیئر مین اور بلدیہ کورنگی کے افسران کے ہمراہ ملیر زون کی ماڈل یوسی 6کا تفصیلی دورہ کرکے 100روزہ تعمیر کراچی پروگرام کے تحت بلدیہ کورنگی کی جانب سے علاقائی ترقی اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جاری منصوبوں پر کام کا معائنہ کیا۔
دورے کے دوران علاقائی سطح پر جاری بلدیاتی انتظامات کا بھی جائزہ لیتے ہوئے چیئر مین سید نیئر رضا نے بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ علاقائی سطح پر بلدیاتی انتظامات کی بہتری اور ماڈل یوسی میں جاری ترقیاتی امور کو تیز کیا جائے اور ضلع کورنگی کی ہر یوسیز میں صفائی وستھرائی ،روشنی کے انتظامات کو بہتر بنا یا جائے۔
دورے کے موقع پر ملیر ماڈل کالونی زون کی مختلف یوسیز میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہاکہ عوام اپنے گھر کی طرح اپنے گلی ،محلے اور علاقے کو اون کریں ،باہمی تعاون کے ذریعے ہی علاقائی ترقی اور مسائل کا خاتمہ ممکن بنا یا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ بلدیہ کورنگی اپنے تمام تر وسائل عوامی سہولت کی فراہمی اور علاقائی ترقی پر سرف کرکے عوام کو درپیش بنیادی بلدیاتی مسائل سے چھٹکار ہ دلا نے کی جدو جہد میں شب روز مصروف ہے انشااللہ 100روزہ تعمیر کراچی پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کی تکمیل کے ذریعے ترقی کے ثمرات عوام کی دہلیز تک پہنچائیں گے۔