نوتعمیر شدہ باب وزیرآباد کے افتتاح کے سلسلہ میں باقاعدہ ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) نو تعمیر شدہ باب وزیرآباد کے افتتاح کے سلسلہ میں باقاعدہ ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی کمشنر گوجرانوالہ خواجہ شمائل احمد تھے۔

تقریب میں ممبران اسمبلی، ڈی سی او گوجرانوالہ عظمت محمود،اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد رائو سہیل اختر،چیئرمین پریس کلب دھونکل محمود احمد خان لودھی، افتخار بٹ،سید شہباز بخاری،نواز مغل، محمد یونس بھٹو اورمختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔ کمشنر گوجرانوالہ نے باب وزیرآباد کے سنگ بنیاد کی نقاب کشائی کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہروں کے داخلی درواوںکی تاریخ برسوں پرانی ہے ہمارے ثقافتی ورثہ میں موجود مختلف دروازے ماضی کی شان وشوکت کے آئینہ دار ہیں۔

وزیرآباد میں شہریوں کے تعاون سے 90 لاکھ روپے کی خطیر رقم سے تعمیر ہونے والا باب وزیرآباد اس بات کا پتہ دیتا ہے کہ یہاں کے لوگ تاریخی ورثہ سے محبت رکھتے ، خوبصورتی کو پسند کرتے اور کشادہ ذہنوں کے مالک ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ڈویژن بھر میں آٹھ داخلی دروازے تعمیر کئے جارہے ہیں جو آنے والی نسلوں کیلئے موجودہ عہد کی بہترین نشانیاں ہوں گے۔انہوں نے بابائے صحافت مولانا ظفر علی خان کی برصغیر کے مسلمانوں کیلئے خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور بتایا کہ حکومت عوامی فلاح وبہبود کے متعدد منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔ وزیرآباد میں25کروڑ روپے کی لاگت سے سوہدرہ روڈ پرDPS سکول کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جو اگلے سال تک کام شروع کردیگا۔

کمشنر گوجرانوالہ نے شہر کی خوبصورتی کیلئے دلچسپی سے کام کرنے والے اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں تقریب کا اصل ہیرو قرار دیا اور کہا اے سی رائو سہیل اختر کی لگن اور محنت کا نتیجہ ہے کہ کم وسائل کے باوجودخوبصورتی اور دیگر حوالوں سے تحصیل وزیرآباد دوسری تحصیلوں سے ممتاز حیثیت اختیار کرچکی ہے۔تقریب سے ایم پی اے شوکت منظور چیمہ،اکمل سیف چٹھہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے آخر میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ٹی ایم اے ملازمین میں تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔