مصطفی آباد/للیانی (نامہ نگار) جب تک ہم تعمیری اور مثبت رویے تخلیق نہیں کریں گے تب تک معاشرتی ترقی کی راہیں ہموار نہیں ہوسکتیںکیونکہ انسانی اقدار کے فروغ میں سماجی واخلاقی کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ان خیالات کااظہار معروف سماجی رہنماء ویونائیٹڈ کرسچن فیڈریشن کینیڈا کے صدرپرویز مسیح نے اپنے دورہ پاکستان کے موقع پر پریس کلب مصطفی ااباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزیدکہا کہ میرے دورہ پاکستان کا مقصد ان تمام مسائل کی وجوہات کو جاننے کی عملی کوشش ہے جو گزشتہ68سالوں سے اقلیتوں کے استحصال ،ناانصافی وپریشانیوں کا سبب بن رہی ہیں۔اس کے علاوہ میں نے لاہور،قصور،فیصل آباد سمیت پاکستان کے مختلف علاقوں میں تعلیم،صحت اور دیگر جاری منصوبہ جات کا جائزہ لینا اور انہیں مزید بہترانداز میں تکمیل کرنا ہے جس سے وہ موثر بن سکیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان سے مستفید ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ اقلیتوں نے تحریک پاکستان سے قیام پاکستان اور تشکیل پاکستان سے تکمیل پاکستان تک ہمیشہ وفاداری اور قربانی کا ثبوت دیا ہے۔
اس حوالے سے دیوان بہادرایس پی سنگھا کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔پرویز مسیح نے کہا کہ عالمی برادری دنیا بھر خصوصاً پاکستان میں تیزی سے بدلتے ہوئے حالات سے بے خبر نہیں بلکہ گہری تشویش رکھتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ہم جنس پرستی کے قوانین کے خلاف انہوں نے کینیڈا میں ایک تحریک شروع کررکھی ہے جس میں مسلم،کرسچن،ہندو ،سکھ ودیگر تمام سول سوسائٹی بھی ہمارے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی معاشرے کو صحت مند اورمسیحی عوام کو خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں۔
جس کے لئے یونائیٹڈ کرسچن فیڈریشن کے رہنمائوں برکت مسیح گل،خالدگل،خالدسردار، محترمہ نائلہ نذیر ودیگر ساتھیوں کی خدمات لائق تحسین ہیں۔ اس کے علاوہ ہم نیازبیگ لاہور یوسی ایف سکول کی اپ گریڈیشن، جناح ہسپتال کے نزدیک سستے ترین لیب یونٹ کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینا ہے۔ میڈیا کے کردار کوسراہتے ہوئے پرویزمسیح نے کہا کہ جہالت کے خلاف روشنی کے سفر اورقوموں کی ترقی میں میڈیا کاکردار تاریخی ومثالی رہا ہے۔ہم دل سے میڈیا کی قدرکرتے ہیں۔