رابطہ کمیٹی کی کراچی سمیت سندھ بھرمیں تجارتی سرگرمیاں اورٹرانسپورٹ بحال کرنے کی اپیل

MQM

MQM

کراچی (جیوڈیسک) ایم کیوایم رابطہ کمیٹی نے کراچی سمیت سندھ بھر میں تجارتی سرگرمیاں اور ٹرانسپورٹ بحال کرنے کی اپیل کی ہے تاہم الطاف حسین کی گرفتاری کے خلاف دھرنے جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

کراچی میں نمائش چورنگی پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرخالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آزمائش کی گھڑی اور امتحان کےو قت شہر کی گلیاں اور دکانیں بھی ہمارے ساتھ رہیں جس پر تاجر، صنعتکار، ٹرانسپورٹرز سیاسی وسماجی رہنماؤں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنےوالے افراد سے دلی تشکر کا اظہار کرتے ہیں۔

اور اس تاریخی اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنے پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد ایم کیوایم الطاف حسین سے والہانہ محبت کا اظہار کرنے کے لیے نمائش چورنگی سمیت دیگر علاقوں میں دیئے جانے والوں دھرنوں میں بھرپور شرکت کی جائے جبکہ انہوں نے عوام سے الطاف حسین کی درازی عمر اور صحت کے لیے دعا کی بھی اپیل کی۔

اس سے قبل نمائش چورنگی پر جاری دھرنے میں حیدر عباس رضوی نے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کا گرفتاری کے بعد آنے والا پہلا بیان پڑھ کر سنایا جسے سن کر کارکنان نے الطاف حسین کے حق میں نعرے بازی کی۔

دھرنے کے شرکا سے خطاب میں رابطہ کمیٹی کے رکن حیدر عباس رضوی نے دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اندازہ تھا اگر صبر کا دامن ہاتھ سے چھوڑا تو الطاف حسین کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا، ہمیں صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا اور اپنا نظم وضبط مثالی رکھنا ہے لیکن ہمارے صبر کا امتحان ابھی ختم نہیں ہوا ہم بیٹھیں اور بیٹھے رہیں گے۔