رابطہ عوام کے ذریعے تبدیلی کی جدوجہد جاری رہے گی، حافظ نعیم الرحمن

Hafiz Naeem

Hafiz Naeem

کراچی : امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ رابطہ عوام کے ذریعے تبدیلی کی جدوجہد جاری رہے گی۔ جماعت اسلامی کی سیاست بھی عبادت ہے۔ جماعت اسلامی دینی اور انقلابی جماعت ہے۔ زندگی کے ہر شعبہ میں دین کو مکمل طور پر نافذ کرنا چاہتے ہیں۔

پاکستان میں جمہوری طریقے اور عوام کے ووٹوں کے ذریعے تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی زون نارتھ ناظم آباد کے تحت منعقدہ اجتماع کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر زون اویس یاسین، قیصر جمیل، حسن خان، عنایت علی اور طارق مسعود بیگ سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان رابطہ عوام مہم کو پورے سال جاری رکھیں۔ جماعت اسلامی قرآن وسنت کے نظام کو عملی طور پر معاشرے میں نافذ کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے۔ ہم سیاست کو بھی عبادت کا درجہ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان اب اور زیادہ ہمت اور جرأت کے ساتھ کراچی کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں۔ ہمیں اپنے لئے مزید راستے تلاش کرنے ہوں گے۔

جماعت اسلامی کے کارکن آج بھی میدان میں موجود ہیں اور ہم سوچ کے نئے راستے تلاش کریں گے اور عوام کو تبدیلی کیلئے تیار کیا جائے گا۔ مافیا آج سوسائٹی کا حصہ بن گئی ہے۔ ہمیں پورے نظام کو تبدیل کرنے کیلئے اور حق اور سچ کا ساتھ دینا ہوگا۔ اس کیلئے ہم ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ ہمیں اپنی تمام کمزوریوں کو دور کرنا ہوگا اور کارکنان میں اضافے کے ساتھ ساتھ اپنی ازسرنو صف بندی بھی کرنا ہوگی۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں جماعت اسلامی نے بھرپور طریقے سے اپنی انتخابی مہم چلائی لیکن بڑے پیمانے پر ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال نہیں کیا۔ ہمیں اپنے ووٹر کو حوصلہ فراہم کرنا ہے اور بڑی تبدیلی کیلئے ووٹر کو گھروں سے نکالنا ہوگا۔ 2018ء کے انتخابات میں کامیابی کیلئے جماعت اسلامی مضبوط لائحہ عمل اور بہترین پیشرفت کے ساتھ میدان عمل میں آئے گی۔ امیر جماعت اسلامی زون نارتھ ناظم آباد اویس یاسین نے کہا کہ جماعت اسلامی پرامن جدوجہد اور غلبہ دین کا مشن لے کر اٹھی ہے۔

ہم نے وقت کی حاکمیت کو چیلنج کیا ہے۔ ہم اللہ کے دین کو غالب کرنا چاہتے ہیں۔ اس کیلئے کروڑوں کو حامی اور لاکھوں کو اپنا دست بازو بنانا چاہتے ہیں۔ انتخابات کے بعد ہمیں گھروں میں نہیں بیٹھنا ہے۔ لوگوں نے جبر کے ماحول میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیا ہے۔ اپنے کام کو مزید منظم اور مضبوط کرنا ہوگا۔ اجتماع کارکنان میں ناظم علاقہ جات کا اعلان کیا گیا۔ امیر زون نے علاقہ جات ناظمین کو استقامت کی دعا دی۔

سید انوار احمد
سیکریٹر ی اطلاعات
جماعت اسلامی، وسطی
0345-2385320