جہلم (جیوڈیسک) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ دھرنے والوں کو پتا ہے کہ اگر نواز حکومت نے پانچ سال پورے کیے تو ان کا کوئی چانس نہیں ہو گا۔ کنٹینر والوں کو چیلنج کرتا ہوں کہ ایک وزیر پر کرپشن ثابت کر دیں تو حکومت چھوڑ دیں گے۔
نیلم جہلم پاور پراجیکٹ میں پانچ سو کلو واٹ ٹرانسمیشن لائن کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر گفتگو میں عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ کنٹینر پر کھڑے ہو کر دن رات جھوٹ بولا جا رہا ہے۔
دھرنے والو سن لو نواز شریف 2018 ء تک اس ملک کا وزیر اعظم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جسٹس کو گالیاں دے رہے ہیں، ہمیں ریاستی مشینری استعمال کرنا آتا تھا مگر ہم نے ایسا نہیں کیا۔
شیخ رشید دن رات جھوٹ بولتا ہے، یہ پہلے مشرف کی گود میں بیٹھا رہا، اب عمران خان کا چمچہ بنا ہوا ہے۔ عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان نے اپنی پارٹی کے لوگوں کو دیکھا ہے جو چھ چھ باریاں لے کر ان کے ساتھ کھڑے ہیں، سب سے بڑا ٹیکس چور جہانگیر ترین ہے جس کے جہاز میں خان سفر کرتا ہے۔
الیکشن میں تحریک انصاف کو دی گئی فنڈنگ کا ریکارڈ موجود ہے، جلد میڈیا کو دیں گے۔ اتفاق فائونڈری ہمارے پاس نہیں ہے، مشرف دور میں ہی اسے ہم سے لے لیا گیا تھا۔