اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ کنٹینر والے صاحب تو چلے گئے، ان کے 35 ہزار ملازمین اپنے ساتھ ہونے والے دھوکے پر پریشان ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے صبر سے کام لیا، چاہتے تو عمران خان کو کنٹینر سمیت اٹھا کر پھینک دیتے۔
پاکستان علماء کو نسل کی سپریم کونسل کااجلاس چیئر مین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہراشرفی کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس سے خطاب میں حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ میڈیا کو 24 گھنٹے یرغمال بنانے والے کس دین کے تحت اسلام آباد سے گئے۔
بچیوں سے کہا گیا تھا کہ جب انقلاب آئے گاتو ان کی شادیاں کرائی جائیں گی، جہیز دیا جائے گا، وہ پوچھتی ہیں کہ انقلاب کہاں گیا۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کوبھی خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔
علماء کونسل کے اجلاس میں ایک قرارداد بھی منظور کی گئی جس میں یکم سے دس محرم عشرہ فاروق و حسین پرامن طور پر منانے اور محرم الحرام میں ضابطہ اخلاق کی پابندی کی اپیل کی گئی۔