مشتاق کیمپ میں اسپنرز کی صلاحیتیں نکھارنے لگے

Mushtaq Ahmed

Mushtaq Ahmed

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسپن بولنگ کوچ مشتاق احمد سمر کیمپ جوائن کرنے کے بعد اسپنرز کی صلاحیتیں نکھار نے لگے، سابق لیگ اسپنر نے گذشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں بابر اعظم اور رضا حسن سمیت کیمپ میں شریک دیگر بولرز کو مفید مشورے دیے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں جاری قومی کرکٹرز کا سمر کیمپ آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے، گذشتہ تین ہفتے کے دوران کھلاڑیوں کی فٹنس میں بہتری لانے کیلیے ٹریننگ کے سخت مراحل سے گزارا گیا، ہرکھلاڑی کا فٹنس پروفائل بنا کر اس پر انفرادی توجہ دیتے ہوئے اسٹیمنا بہتر بنانے پر کام ہوا۔ آخری مرحلے میں کرکٹ سرگرمیاں شروع ہوئیں، اس دوران نیٹ پریکٹس کے ساتھ فیلڈنگ کی بھر پور مشقیں بھی جاری رہیں۔

کیمپ کمانڈنٹ محمد اکرم نے آخری ہفتے میں 2 ٹیمیں تشکیل دے کر 70،70 اوورز کی اننگز پر مشتمل پریکٹس میچ کرانے کا بھی فیصلہ کیا تھا تاہم سخت گرمی کے باعث پروگرام تبدیل کرکے 6 جون تک فزیکل فٹنس اور پریکٹس کا ہی فیصلہ کیا گیا، پیر کو پہلے سیشن میں بیٹنگ اور بولنگ کے سیشن ہوئے، شام کو این سی اے میں جم ٹریننگ اور سوئمنگ کا سلسلہ جاری رہا۔

دوسری جانب حال ہی میں ہیڈ کوچ وقار یونس کے بولنگ میں معاون مقرر کیے جانے والے مشتاق احمد نے بھی کیمپ جوائن کرتے ہوئے اسپنرز کے ساتھ وقت گزارا، انھوں نے بابر اعظم اور رضا حسن سمیت کیمپ میں شریک دیگر سلو بولرز کو مفید مشورے دیے۔