جھنگ (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ موجودہ دور حکومت میں دہشت گردی اور مسائل میں اضافہ ہوا، پاکستان تحریک انصاف کے پاس وسائل نہیں مگر دیانتدار قیادت ہے۔
جھنگ میں حلقہ پی پی 81 کے علاقے اکڑیاں والا میں ضمنی انتخاب کے سلسلے میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج ملک معاشی طور پر مفلوج ہوچکا ہے اور کشکول لیے پھرتا ہے، عوام ایمانداری سے بتائیں کہ موجودہ حکومت میں دہشت گردی اور مہنگائی بڑھی ہے یا اس میں کوئی کمی آئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشت گردی بڑھی، امن و امان خراب ہوا، بجلی کے نرخ بڑھے، پیٹرول کی قیمتیں بڑھیں، کھاد کی قیمتیں بڑھیں، تو کیا اب شیر کو ووٹ ملنا چاہیے؟ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دقیانوسی اور روایتی سیاست ختم کرنے کیلئے عمران خان نے تحریک انصاف کی بنیاد رکھی، تحریک انصاف کی صورت میں عوام کو مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے علاوہ تیسرا آپشن میسر آچکا ہے۔