اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ محمد آصف کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک سے معاہدہ ختم ہوگیا، چھ سو پچاس میگا واٹ بجلی دینا لازم نہیں، کراچی والوں کے فائدے کے لیے بجلی دے رہے ہیں۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ صلاحیت ہونے کے باوجود کے الیکٹرک بجلی نہیں بناتی، نیشنل گرڈ سے سستی بجلی حاصل کر رہی ہے، آئندہ گرمیوں میں لوڈشیڈنگ کی صورت حال بہتر ہوگی لیکن مکمل خاتمے میں دو، تین سال لگیں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی تو معاملہ متعلقہ فورم پر اٹھائیں گے۔