متضاد امریکی پالیسیاں تیسری جنگ عظیم کا باعث بن سکتی ہیں۔ ایم آر پی

ISIS

ISIS

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امریکی صدر کی جانب سے داعش سے جنگ جیتنے کیلئے کانگریس سے فوجی مداخلت کی منظوری کی درخواست پرتبصرہ کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد وچیئرمین امیر پٹی نے کہا کہ اگر واشنگٹن انتظامیہ اپنے مقاصد کیلئے دہشت گرد تخلیق اور استعمال کرنے کی اپنی پالیسی سے ہی رجوع کرلے تو دہشتگردی کی جنگ میں دوٹوک کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔

بصورت دیگر امریکی متضاد پالیسیاں دہشتگردوں کے ہاتھوں تیسری عالمی جنگ کی نوبت لا کر چھوڑیں گی۔ اگر اپنے اقتدار کے آخری مراحل میں اوبامہ کی یہ رائے ہے کہ امریکی خارجہ پالیسی کا محور داعش کے خطرات کے گرد ہونا چاہیے تو اس کا عملی مظاہرہ شام میں نظر بھی آنا چاہیے جہاں داعش امریکی سرپرستی میں صدر بشارالاسد کی حکومت کا تختہ الٹانے کی پرتشدد کارروائیوں میں مصروف ہے۔

اس تناظر میں اب عالمی قیادتوں کو ایک نئے عزم کیساتھ دہشتگردی کے خاتمہ کے درپیش چیلنجوں سے عہدہ برا ہونا ہوگا‘ بصورت دیگر افغان عمل سمیت دہشت گردی کے تدارک کی کوئی بھی علاقائی اور عالمی کوشش کامیابی سے ہمکنار نہیں ہو سکے گی اور دہشت گری کا ناسور ہنستی بستی دنیا کو چاٹ جائیگا۔