کراچی (جیوڈیسک) وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے امن و امان سے متعلق بیان سے متفق ہیں، پورا ملک خصوصا بلوچستان دہشت گردی کا شکار ہے، تمام ادارے کنٹرول میں ہیں، لاپتہ افراد کا مسئلہ اہم ہے۔ انہوں نے یہ بات کوئٹہ دھماکے کے زخمی پولیس اہلکاروں کی کراچی کے نجی اسپتال میں عیادت سے قبل ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی میں خصوصا بلوچستان شکار ہے، بلوچستان میں تمام فیصلے ملکی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں گے اور دن رات قیام امن کیلئے کام کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ ہم آہستہ آہستہ آگے بڑھ رہے ہیں، امن و امان سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے کل سے 2 روز اوپن ڈی بیٹ شروع کر رہے ہیں۔
وزیراعلی بلوچستان کا کہنا تھاکہ گوادر صرف بلوچستان کا ہے، گوادر کے حوالے سے تمام فیصلے عوامی مفادات میں لیں گے، بلوچستان میں حکومت کررہا ہوں اور تمام ادارے کنٹرول میں ہیں، لاپتہ افراد کا مسئلہ سب سے اہم ہے۔ بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے سب کو منانے میں کامیاب ہوجائیں گے اور حالات سازگار بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔