اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی نے کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی ہے، قرارداد وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر نے پیش کی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ بھارتی شیلنگ سے کیپٹن سرفراز شہید اور ایک جوان زخمی ہوا، ایوان کیپٹن سرفراز کو مادرِ وطن کا دفاع کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ قرارداد میں بھارتی جارحیت پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان تعمیری بات چیت اور امن کا خواہاں ہے، پاکستان کی سول و ملٹری قیادت اپنی سرحدوں کی حفاظت یقینی بنائے۔
واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے اورمنگل بدھ کی درمیانی شب اسکردو کے قریب شکما سیکٹر میں بھارتی فوج نے بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے پاک فوج کا کیپٹن شہید اور ایک جوان شدید زخمی ہوگیا۔
پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ میں طلب کرکے واقعے پر شدید احتجاج کیا۔ پاکستان نے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کر کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔