کولکتہ (جیوڈیسک) بھارتی کرکٹ بورڈ کی ایکشن کمیٹی نے ویسٹ انڈین سپنر سنیل نارائن کے ایکشن کو کلیئر کرتے ہوئے فائنل وارننگ دے دی ہے۔ کمیٹی نے کہا کہ سنیل نارائن آف سپن گیند کو پرانے ایکشن سے کر رہے ہیں جو آئی سی سی کی مقررہ حد سے زیادہ ہے اور اسی وجہ سے 2014ء کی چیمپیئنز لیگ میں ان کے ایکشن کو مشکوک قرار دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ انڈین پریمیئر لیگ میں 22 اپریل کو کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور سن رائزرز حیدر آباد کے درمیان میچ میں نارائن کی متعدد گیندیں مشکوک قرار دی گئی تھیں۔ بائولنگ ایکشن ٹیسٹ کے بعد ان کی آف سپن گیند کو غیر قانونی قرار دیا گیا تھا تاہم چھ مئی کی شام نئے ٹیسٹ میں اسے کلیئر کر دیا گیا۔
سنیل نارائن کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے نئے ایکشن کے ساتھ گیند کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں ورنہ ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سنیل نارائن نے پابندی لگنے کے بعد ایکشن کے دوبارہ ٹیسٹ کی درخواست کی جس کے بعد نئے ٹیسٹ میں ان کی تمام گیندوں کو کلیئر کر دیا گیا لیکن ساتھ ساتھ وارننگ بھی جاری کی گئی ہے اگر اس سیزن میں ان کا ایکشن دوبارہ مشکوک رپورٹ ہوا تو انہیں آئی پی ایل میں بائولنگ کرنے سے روک دیا جائے گا۔