کراچی (پ ر) قرآن انسٹیٹیوٹ کی ڈائریکٹر اور مرکزی شوریٰ کی رکن ثمینہ مرسلین نے کہا ہے کہ رواجوں کی تبدیلی فکری تبدیلی نہیں ہے، یہ بہت بڑی سازش ہے، آج کا دور ان فتنوں کا دور ہے اور مجھے اور آپ کو ان دجالی فتنوں کا مقابلہ کرنا ہے اور امام مہدی کا لشکر تیار کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع وسطی نارتھ ناظم آباد زون کی جانب سے ترتیب دیئے گئے پروگرام ”میرا گھر عالمی ایجنڈے کی زد میں” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس دور میں جو بھی نبی آیا وہ اسلامی تہذیب ہی لے کر آیا جبکہ اس وقت کے فرعونوں نے اپنی تہذیب رائج کرنے کی بھرپور کوشش کی۔
انہوں نے معاشرے میں ہونے والی تبدیلیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے بچوں کی تربیت کی طرف سے پہلو تہی نہ کریں بلکہ ان کی بہترین تربیت پر توجہ دیں، معاشرے میں بے حیائی اور کھانے کا رواج حد سے زیادہ بڑھ رہا ہے، اردو کی جگہ رومن لے رہی ہے اور ہماری ثقافت کا خاتمہ کیا جا رہا ہے، پروگرام سے نارتھ ناظم آباد زون کی ناظمہ نصرت محمود نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں اسلامی تحریک کے حق میں قرار داد پیش کی گئی۔ دریں اثنا جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع وسطی کے تحت شعبہ الخدمت نے گلبہار میں خواتین کے لئے ایک انڈسٹریل ہوم قائم کیا گیا جس کا افتتاح مہمان خصوصی رکن شوریٰ ضلع وسطی روبینہ نعیم نے کیا۔
اس موقع پر روبینہ نعیم نے حضرت عائشہ کی سیرت کے آئینہ میں یہ پیغام دیا کہ خواتین کو ہر طرح کے ہنر سے آراستہ ہونا چاہئے اور اسی علم و ہنر کی روشنی میں اپنی زندگی کے مقاصد کا تعین کریں اور اس کے ذریعے لوگوں تک دین کا پیغام پہنچائیں۔ بعد ازاں ضلع وسطی شعبہ الخدمت کی نائب فیروزہ رئیس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت کے تحت انڈسٹریل ہوم کا مقصد ایک صاف ستھرے ماحول میں ضروت مند خواتین کو ہنر سکھانا ہے۔