ہم اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ پانی پینا ہماری زندگی کے لیے کتنا ضروری ہے اور اسی لیے ڈاکٹر صحت مند زندگی کے لیے زیادہ پانی پینے کا مشورہ دیتے ہیں ، لیکن کیا آپ اس بات سے واقف ہیں کہ صرف ٹھنڈا پانی ہی نہیں بلکہ نیم گرم پانی پینا بھی ہمیں متعدد حیران کن فوائد پہنچا سکتا ہے۔
نیم یا ہلکا گرم پانی جو آسانی سے پیا جاسکے وہ ہمیں کتنے فوائد پہنچاسکتا ہے آئیے ہم آپ کو اس مضمون میں بتاتے ہیں ۔ نیم گرم پانی صحت مند میٹابولزم کی بحالی کے لیے مددگار ثابت ہوتا ہے ۔ اگر وزن میں کمی چاہتے ہیں تو نیم گرم پانی کا استعمال بہترین نتائج کا حامل ثابت ہوسکتا ہے ۔ اپنے میٹا بولزم کو فعال رکھنے کے لیے روزانہ صبح ایک مگ نیم گرم پانی میں لیموں کا رس ملا کر پیجئے۔
نیم گرم پانی پینے سے آپ کے ناک اور گلے میں پیدا ہونے والی رکاوٹیں دور ہو جاتی ہیں ۔ اس کے علاوہ نیم گرم پانی آپ کو نزلہ ، کھانسی اور گلے کی خراش سے بھی محفوظ رکھتا ہے ۔ نیم گرم پانی آپ کی سانس کی نالی کو آرام پہنچاتا ہے ۔
نیم گرم پانی کا استعمال جسم سے زہریلے مادوں کے اخراج کا باعث بنتا ہے ۔ جب آپ نیم گرم پانی پیتے ہیں تو آپ کے جسم کا درجہ حرارت بڑھ جاتا ہے اور آپ کو پسینہ آتا ہے اور اس کے ساتھ ہی آپ کے جسم میں موجود زہریلے مادے خرچ ہو جاتے ہیں۔
دی گارجین ہیلتھ کے مطابق نیم گرم پانی پینا آپ کو قبل از وقت بوڑھا ہونے سے بچاتا ہے ۔ سب سے پہلے یہ جسم میں موجود ان زہریلے مادوں کو ضائع کرتا ہے جو آپ کو تیزی سے بوڑھا کر رہے ہوتے ہیں ۔ اس کے بعد آپ کے خلیوں کی مرمت کرتا ہے اور انہیں لچکدار بنتا ہے ۔ نیم گرم پانی سے جلد خوبصورت اور ہموار ہو جاتی ہے۔