کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے رینجرز کی جانب سے ایم کیو ایم نیوکراچی سیکٹر کے یونٹ انچارج حیدر بیگ، برنس روڈ سیکٹریونٹ کے کارکنوں عبدالرحمان اور ہارون کی بلاجواز گرفتاری اور چھاپوں کی مذمت کی ہے۔ خواجہ اظہارالحسن کا کہنا ہے کہ کارکنان کسی جرم میں ملوث ہیں تو بتایا جائے، گرفتاری ظاہر کی جائے، ماضی کی طرح لاشیں برآمد نہیں ہونی چاہئیں۔
اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیو ایم نیوکراچی سیکٹریونٹ 140-A کے یونٹ انچارج حیدر بیگ کو ان کے گھر سے رینجرز نے گرفتار کیا ،، جبکہ برنس روڈ سیکٹریونٹ 22کے کارکنوں عبدالرحمان اور ہارون کی گرفتاری فریسکو چوک کے قریب سے کی گئی ہے۔
رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے کارکنوں کی بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے، رابطہ کمیٹی نے کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی سے مطالبہ کیا ہے کہ گرفتار کارکنوں کی زندگی کے تحفظ کے لئے اقدام کریں۔