حیدرآباد (جیوڈیسک) ٹنڈو الٰہ یار کی لیڈی ہیلتھ ورکرز نے رشوت کے عوض آفر آرڈر دینے کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا اور نعرے بازی کی، اس موقع پر مظاہرین میں شریک مسماۃ صدیقہ مظفر، رفیقہ ، شمع اور دیگر نے بتایا کہ پروانشل کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر روشن بھٹی نے رشوت کے عوض لیڈی ہیلتھ ورکرز کو آفر آرڈر دینے کا سلسلہ شروع کررکھا ہے اور ہر لیڈی ہیلتھ ورکر سے 10 سے 20 ہزار روپے رشوت مانگی جارہی ہے، انہوں نے بتایا کہ ٹنڈو الٰہ یار میں 550 لیڈی ہیلتھ ورکرز ہیں لیکن اب تک صرف 150 لیڈی ہیلتھ ورکرز کو آفر آرڈر دیے گئے ہیں
وہ بھی رشوت کے عوض لیکن باقی لیڈی ہیلتھ ورکر ز کو آفر آرڈر نہیں دیے جارہے ہیں اور انہیں دھمکیاں دی جارہی ہیں کہ اگر انہوں نے احتجاج کیا تو وہ انہیں مستقل نہیں کریں گے، انہوں نے بتایا کہ آل پاکستان لیڈی ہیلتھ ورکرز کی سپر وائزر حلیمہ لغاری بھی پروانشل کوآرڈی نیٹر کے ساتھ ملی ہوئی ہیں اور من پسند ورکرز کو رشوت کے عوض آفر آرڈر دلوائے جارہے ہیں جو سراسر زیادتی ہے، انہوں نے کہا کہ اگر لیڈی ہیلتھ ورکرز کو آفرآرڈر جاری نہ کئے گئے تو احتجاج کا دائرہ بڑھا دیا جائے گا جس کی تمام تر ذمہ داری پروانشل کوآرڈینیٹر ڈاکٹر روشن بھٹی پر عائد ہو گی۔