امریکا (جیوڈیسک) کوپا امریکا کپ کے فائنل میں مسلسل دوسری مرتبہ چلی کے ہاتھوں شکست پر ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی نے بین االاقوامی مقابلوں سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق نیو جرسی میں ہونے والے کوپا امریکا کپ کے فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد چلی نے ارجنٹائن کو پیلنٹی شوٹ آؤٹس پر 2 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے دی۔ ارجنٹائن کی جانب سے میسی کی پیلنٹی شوٹ آؤٹ بھی ضائع ہوگئی تھی۔
مسلسل دوسری مرتبہ کوپا امریکا کپ کے فائنل میں چلی سے شکست پر ارجنٹائن ٹیم کے کپتان اور شہرہ آفاق کھلاڑی لیونل میسی نے انٹرنیشنل فٹ بال ایونٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ ایونٹ میں شکست کے بعد میسی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ جو کچھ کرسکتے تھے وہ انہوں نے کیا لیکن اب ان کے لیے قومی ٹیم کی نمائندگی کے دروازے بند ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ 29 سالہ لیونل میسی کو ارجنتائن کی جانب سے بین الاقوامی مقابلوں میں سب سے زیادہ گول کرنے کا اعزاز حاصل ہے لیکن ان کی قیادت میں ارجنٹائن مسلسل چوتھے میگا ایونٹ کا فائنل ہاری ہے۔