لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان میں عالمی وبا کورونا کی تیسری لہر کے دوران تشویشناک مریضوں کی تعداد میں اضافے کے باعث اسپتالوں پر شدید دباؤ بڑھنے لگا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملک بھر میں 549 وینٹی لیٹرز پر کورونا کے مریض زیر علاج ہیں، مردان میں 95، گوجرانوالہ میں 88، ملتان 85 اور لاہور میں 82 فیصد وینٹی لیٹر زیر استعمال ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ گوجرانوالہ میں 85 فیصد، پشاور میں 72 ، نوشہرہ میں 68 اور سوات میں 65 فیصد مریض آکسیجن بیڈز پر ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزير برائے منصوبہ بندی اور سربراہ این سی او سی اسد عمر کا کہنا ہےکہ کورونا کے تشویشناک مریضوں کی تعداد 4500 تک پہنچ گئی ہے جس کے باعث اسپتال مسلسل بھر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ تشویشناک مریضوں کی موجودہ تعداد گزشتہ سال کی سب سے زیادہ تعداد سے 30 فیصد زائد ہے جبکہ آکسیجن کی فراہمی اس وقت دباؤ کا شکار ہے۔