کشمیر (اصل میڈیا ڈیسک) آزاد کشمیر حکومت نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث 2 ہفتوں کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔
آزاد کشمیر حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے لاک ڈاؤن دوبارہ سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات عید کی شاپنگ کیلئےصحیح نہیں، عید سادگی سے منائیں، عوام غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں۔
راجا فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ عید تک ٹرانسپورٹ بھی معطل رہے گی جب کہ اشیائے ضروریہ کی دکانیں اور میڈیکل اسٹورز طے شدہ اوقات کار کے مطابق کھلے رہیں گے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ یہ احتیاطی اور حفاظتی اقدامات ہیں جو عوام کو محفوظ بنانے کیلئے اٹھائے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 112 ہوچکی ہے جب کہ ایک شخص ہلاک ہوچکا ہے۔