کورونا: بچوں کے مالز اور پارکس میں داخلے پر بھی پابندی لگانے کا مطالبہ

Parks

Parks

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس کا کہنا ہے کہ کورونا میں صرف اسکول بند کرنے سے کچھ نہیں ہوگا بلکہ بچوں کے پارکوں اور شاپنگ مالز میں داخلے پر بھی پابندی ہونی چاہیے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد راس نے کہاکہ اس ہفتے سے 10 جنوری تک تمام تر چھوٹے بڑے کالجزبند رہیں گے، ہم اسکول بند نہیں کرنا چاہتے تھے لیکن کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث یہ فیصلہ کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کو ہوم ورک کے بغیر نہیں جانے دیا جائے گا اور ہوم ورک کی بنیاد پر اگلی کلاس میں پروموشن پر ہوگا، ٹیچرز کو ہفتے میں دو دن پیر اور جمعرات کو اسکول آنا ہوگا جب کہ 50 فیصد ٹیچر پیر اور باقی 50 فیصد جمعرات کو اسکول آئیں گے۔

صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ وہ اسکول بند کرنے کے حق میں نہیں ہیں لیکن کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث یہ فیصلہ کیا جب کہ صرف اسکول بند کرنے سے کچھ نہیں ہوگا، پارکس، شاپنگ مال دیگر تفریحی مقامات پر بھی بچوں کے داخلے پر پابندی ہونی چاہیے۔