کورونا کی دوسری لہر بہت مہلک ہے: پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن

Corona - Pakistan

Corona – Pakistan

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر بہت مہلک ہے لہذا احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے۔

پی ایم اے نے ماسک لازمی پہننے اور خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کرنے کے حکومتی اقدام کو سراہتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف کارروائی ضرور کریں، تھوڑے جرمانے عائد کریں اور اس عمل پر سختی سے عملدرآمد کرائیں۔

پی ایم اے کا کہنا ہے کہ وبا کی دوسری لہر بہت مہلک ہے اور اس سے تین ہفتوں میں 8 ڈاکٹرز موت کا شکار ہو چکے ہیں۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت عوام میں ماسک کی مفت تقسیم کرے، ماسک اور سینیٹائزر کی قیمتیں بھی قابو میں رکھی جائیں، میڈیا بھی ہاتھ ملانے اور گلے ملنے کی تصاویر نہ چلائے۔

پی ایم اے کا کہنا ہے کہ حکومت ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس کے لیے باقاعدہ پی پی ای فراہمی کا بھی بندوبست کرے، حکومت کو ہیلتھ کیئر ورکز کی ترجیحی بنیادوں پر حفاظت کرنی چاہئے اور حکومتی اعلان کردہ شہداء پیکیج کو فوری طور پر نافذ کیا جائے۔