کورونا وبا میں کاروبار ٹھپ ہونے پر متھن چکرورتی مودی حکومت پر برس پڑے

Mithan Chakraborty

Mithan Chakraborty

ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) بھارتی اداکار متھن چکرورتی نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت کی جانب سے کورونا وبا کے دوران اقدامات نہ ہونے پر اُن کا کاروبار بالکل ٹھپ ہوگیا تھا۔

بالی ووڈ کے سینئر اداکار متھن چکرورتی نے حال ہی میں ایک ٹی وی شو میں شرکت کی اور کورونا وبا کے دوران پیش آنے والی مشکلات کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔

اپنی گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ کورونا کی وجہ سے ان کے ریسٹورنٹ کا کاروبار متاثر ہوا، ایک وقت ایسا تھا کہ کافی کا ایک کپ بھی فروخت نہیں ہوپاتا تھا، کاروبار ختم ہونے کی وجہ سے پیسے آنا بند ہوگئے تھے، جس کی وجہ سے شدید معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

متھن نے کاروبار تباہ ہونے کی وجہ وبا کے دوران حکومت کے سیاحت کے لیے اقدامات نہ ہونے کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر مودی حکومت کی جانب سے ٹوررازم کے لیے اقدامات کیے جاتے تو اس قدر نقصان کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں کورونا بحران تاحال برقرار ہے جبکہ بھارتی شہریوں کو وبا کی تیسری لہر کا سامنا ہے، ہر شعبہ اس سے متاثر ہوا ہے، گزشتہ دو سالوں کے دوران وبا سے کئی افراد کی اموات بھی ہوئیں۔

متھن چکرورتی نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے مختلف پیشوں سے وابستہ ملازمین کو نوکریوں سے محرومی کا بھی سامنا کرنا پڑا، معاشی معاملات اس قدر متاثر ہوئے کہ کئی لوگ امیر سے غربت کی لکیر کے نیچے چلے گئے، یومیہ اجرت کمانے والوں کا سوچ کر ہی روح کانپ جاتی ہے۔