اسلام آباد : الخدمت فاؤنڈیشن وسطی پنجاب کے زیرِ اہتما م کورونا وبا کے دوران خدمات سرانجام دینے والے رضاکاروں کے اعزازمیں تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور تھے۔تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن کے سینئر نائب صدر سید احسان اللہ وقاص، نائب صدر ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ، الخدمت وسطی پنجاب کے صدر اکرام الحق سبحانی اورپنجاب کے تما م اضلاع سے الخدمت رضاکاروں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادکی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں لاک ڈاؤن کے دوران اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیردن رات خدمات سرانجام دینے اور شہید ہونے والے الخدمت رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن اور اس کے رضاکاروں نے اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر اہل وطن کی خدمت کی۔ پوری قوم کو الخدمت کے ان ہیروز پر فخر ہے۔ الخدمت کے ان جانبازوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے گورنر ہاؤس میں بھی تقریب کاانعقاد کیا جائے گا۔انھوں نے بتایا کہ کووڈ 19کے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے گورنر ہاؤس میں ایک یادگاری دیوار بنائی جارہی ہے جس میں الخدمت کا نام سرفہرست ہوگا۔الخدمت فاؤنڈیشن وسطی پنجاب کے صدر اکرام الحق سبحانی نے تقریب سے خطاب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ گورنر صاحب خود بھی خدمت خلق کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور الخدمت فاؤنڈیشن کا بھی ہرموقعے پر ساتھ دیتے ہیں۔تقریب کی میزبانی کے فرائض شعیب احمد ہاشمی نے سرانجام دیئے۔تقریب کے اختتام پر رضاکاروں کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔