ترکی (اصل میڈیا ڈیسک) صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ کورونا کے بعد اقتصادی مشکلا ت میں اضافے سے غیر ملکی اور اسلام دشمنی میں مزید اضافہ ہو گا۔
صدر نے اس بات کا اظہار عالمی انجمن برائے ڈیموکریٹس کے صدر کوکسال قش اور ان کے ہمراہی وفد سے قصر دولما باھچے میں ملاقات کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ معمولات زندگی بحال ہونے کے ساتھ ہی کورونا کی وجہ سے بعض مسائل نے جنم لینا شروع کر دیا ہے،برطانیہ کے بعض پٹرول اسٹیشنز اور مارکیٹوں میں رونما ہوَئے واقعات اس سلسلے میں ایک نمونہ ہیں،وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ایسے واقعات دیگر ممالک میں بھی رونماہو سکتے ہیں جبکہ قوی امکان ہے کہ کورونا کے بعد غیر ملکی اور اسلام دشمنی میں مزید اضافہ ہوگا۔
صدر نے کہا کہ نفرت پسندی جیسے جرائم پر مشتمل اعداد و شمار اس بات کی غمازی کرتے ہیں کہ اسلام و ترک دشمنی میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن ہماری حکومت عوام کے امن و سکون اور اس قسم کے خطرات کے خلاف تحفظ فراہم کرتی رہے گی ۔
انہوں نے کہا کہ نسلی نفرت کے شکار ترک ہی نہیں بلکہ یورپ میں بسے تمام دیگر یر ملکی اور تارکین وطن بھی ہو رہے ہیں جو کہ ایک عالمی مسئلہ بنتا جا رہا ہے، ہماری سماجی تنظیمیں اس سلسلے میں مسئلے کے حل کے لیے مسلم اور دیگر غیر ملکی برداریوں سے قائم تعاون کو فروغ دیں گی اور مجھے امید ہے کہ عالمی انجمن برائے ڈیموکریتس بھی اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔