اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے آج مزید 5 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 33 ہوگئی جب کہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2360 تک جا پہنچی ہے۔
پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں سے پنجاب میں 11، سندھ 10، خیبرپختونخوا 8، گلگت بلتستان 3 اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔
پاکستان میں آج کے کیسز کی صورتحال پاکستان میں آج جمعرات کورونا وائرس کے اب تک 138 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اور 5 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن میں سے خیبرپختونخوا میں 2 ، پنجاب، سندھ اور گلگت بلتستان میں ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔
آج اب تک پنجاب میں 69 کیسز ایک ہلاکت، سندھ میں 34 کیسز ایک ہلاکت، خیبرپختونخوا 23 کیسز ایک ہلاکت، گلگت 3 کیسز ایک ہلاکت، بلوچستان 5 اور اسلام آباد میں مزید 4 کیسز سامنے آئے ہیں۔
سندھ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے آج بروز جمعرات صوبے میں ایک اور ہلاکت کی تصدیق کی جس کے بعد سندھ میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔
صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ ٹنڈو محمد خان سے تعلق رکھنے والے 65 سالہ مریض کو 28 مارچ کو حیدرآباد کے اسپتال منتقل کیا گیا تھا جس کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیاجب کہ انتقال کرنے والا مریض تبلیغی جماعت کا رکن تھا۔
علاوہ ازیں محکمہ صحت کی سمری کےمطابق سندھ میں آج اب تک کورونا وائرس کے 34 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 743 ہوگئی ہے۔
سمری کے مطابق کراچی میں 17، حیدرآباد 9، شہید بے نظیر آباد 6 اور جامشورو میں 2 کیس رپورٹ ہوئے جب کہ تمام کیس لوکل ٹرانسمیشن کے ہیں۔
واضح رہےکہ سندھ میں اب تک ہونے والی 10 ہلاکتوں میں سے 9 کراچی شہر میں ہوئیں۔
محکمہ صحت کے مطابق سندھ بھر میں اب تک 54 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔
خیبرپختونخوا خیبرپختونخوا میں آج اب تک کورونا کے 23 کیسز اور مزید 2 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 276 ہوگئی جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔
کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے 2 مریضوں میں سے ایک کا تعلق بنوں اور ایک کا نوشہرہ سے ہے۔
صوبائی وزیر صحت تیمور جھگڑا کی جانب سے ہلاکتوں اور نئے کیسز کی تصدیق کی گئی۔
صوبائی وزیر صحت کی جانب سے جاری سمری کے مطابق صوبے میں اب تک وائرس سے 29 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
پنجاب پنجاب میں آج جمعرات کورونا وائرس کے مزید 69 کیسز سامنے آچکے ہیں جب کہ لاہور میں ایک ہلاکت بھی رپورٹ ہوئی ہے جس کے بعد پنجاب میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 11 اور مجموعی کیسز 914 ہوگئے ہیں۔
ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ نے پنجاب میں آج ایک اور ہلاکت کے بعد مجموعی طور پر 11 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور میں 5، راولپنڈی میں 4، فیصل آباد اور رحیم یار خان میں ایک ایک مریض جاں بحق ہوا۔
ترجمان نے بتایا کہ ڈی جی خان سے 213 زائرین اور ملتان سے 91 زائرین میں وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ رائے ونڈ قرنطینہ میں 142 اور فیصل آباد قرنطینہ میں 5 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
پنجاب کے محکمہ صحت کے مطابق لاہور میں 199، گجرات 90، جہلم 28، راولپنڈی 53، ننکانہ 13، گوجرانوالہ 14، فیصل آباد 9، سرگودھا 10، حافظ آباد،ڈی جی خان 5، منڈی بہاوالدین 4، رحیم یار خان،میانوالی،بہاولنگر 3، نارووال،ملتان، وہاڑی، لودھراں 2 جب کہ اٹک،خوشاب،سیالکوٹ، بہاولپور، قصور اور ليہ میں ایک ایک کیس ہے۔
بدھ کے روز پنجاب میں کورونا سے راولپنڈی میں 83 سالہ شخص جاں بحق ہوا تھا جو پنڈی میں چوتھی ہلاکت تھی۔
پنجاب میں ہونے والی 11ہلاکتوں میں سے لاہور میں آج جمعرات کو ہونے والی ایک ہلاکت کے بعد 5 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ راولپنڈی میں 4 اور رحیم یار خان، فیصل آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔
بلوچستان بلوچستان میں آج کورونا وائرس کے مزید 5 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 169 ہوگئی ہے تاہم صوبائی حکومت کی جانب سے نئے کیسز کی تصدیق نہیں کی گئی۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق صوبے میں 17 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ بلوچستان میں اب تک ایک شخص کورونا سے ہلاک ہوا ہے۔
اسلام آباد آج جمعرات کو اسلام آباد میں مزید 4 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔
پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کیسز کی مجموعی تعداد 62 ہوگئی ہے۔
گلگت بلتستان آج بروز جمعرات گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں جس کے مطابق علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 187 ہوگئی ہے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان کے محکمہ اطلاعات نے علاقے میں کورونا سے ایک اور ہلاکت کی تصدیق کی ہے جس کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔
گلگت بلتستان کے محکمہ اطلاعات نے مجموعی کیسز کی تعداد 183 بتائی ہے اس طرح پورٹل اور محکمہ اطلاعات کے نمبرز میں 4 نمبرز کا فرق ہے۔
گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔
گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 6 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
آزاد کشمیر آزاد کشمیر میں بدھ کے روز کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آئے جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 9 ہوگئی۔
آزاد کشمیر کے وزیر صحت نے کیسز کی تصدیق کی جب کہ ڈپٹی کمشنر سردار خالد محمود نے بتایا کہ کورونا کے 2 مریضوں کا تعلق بھمبر سے ہے جن میں سے ایک 12 سال کی بچی اور ایک برطانیہ سے آنے والا شہری وائرس میں مبتلا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق تراڑ کھل سندھوتی میں بھی ایک شخص میں کوروناکا ٹیسٹ مثبت آیاہے۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔
ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن میں توسیع پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں 23 مارچ سے جاری لاک ڈاؤن میں 14 اپریل تک توسیع کردی گئی ہے۔ مزید پڑھیں۔۔
اس کے علاوہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے پاکستان بھر میں فوج بھی تعینات ہے۔مزید پڑھیں۔۔
سندھ میں جمعہ کو دن 12 بجے سے مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جمعے کو دن 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان سندھ حکومت کے مطابق نماز جمعہ کے اجتماعات کو محدود کرنے کے فیصلے سے علماء متفق ہیں۔ مزید پڑھیں۔۔
یاد رہے کہ سندھ اور پنجاب میں پہلے ہی باجماعت نمازوں پر پابندی عائد کی جاچکی ہے۔
مسافر ٹرینیں بند، بین الاقوامی فلائٹ آپریشن جزوی بحال وزارت ریلوے نے 24 مارچ کی رات 12 بجے سے ملک بھر میں ٹرین آپریشن معطل کر رکھا ہے جو پہلے 31 مارچ تک بند رکھا گیا لیکن وفاقی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں 14 اپریل کی توسیع تک ٹرین آپریشن بھی معطل رہے گا البتہ پی آئی اے کو جزوی طور پر انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن کی اجازت دی گئی ہے۔ مزید پڑھیں۔۔
کورونا وائرس مقامی حالات کے مطابق تبدیل ہورہا ہے، ڈاؤ یونیورسٹی ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کراچی نے دعویٰ کیا ہے کہ کورونا وائرس مقامی حالات کے مطابق تبدیل ہورہا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔
پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا بڑھنی ہے: وزیراعظم وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا بڑھنی ہے اور یہ کتنی بڑھے گی ایک ہفتے میں پتا چل جائے گا۔ مزید پڑھیں۔۔
دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ معاشرے کے کسی طبقے کو عالمی وبا کے رحم و کرم پر چھوڑنے کے متحمل نہیں ہوسکتے، فوجی جوان پاکستان کے ہر کونے میں شہریوں تک پہنچیں تاکہ انہیں نہ صرف وبا سے تحفظ بلکہ مصیبت کی اس گھڑی میں تسلی بھی ملے۔
کورونا جنگ عظیم دوئم کے بعد بدترین بحران قرار اقوام متحدہ نے دنیا بھر میں پھیلے کورونا وائرس کو جنگ عظیم دوئم کے بعد بدترین بحران قرار دیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا کی موجودہ صورت حال جنگ عظیم دوئم کے بعد پیدا ہونے والی بدترین صورت حال کا منظر پیش کر رہی ہے۔ مزید پڑھیں۔۔
1200 ارب کے ریلیف پیکیج کی منظوری وفاقی کابینہ نے کورونا ریلیف فنڈز کے لیے 1200 ارب روپے کے ریلیف پیکیج کی منظوری دی ہے۔ مزید پڑھیں۔۔
علمائے کرام کی عوام کو توبہ استغفار کرنے کی تلقین ملک کے جید علمائے کرام نے فتویٰ دیا ہے کہ وبا سے احتیاطی تدابیر کو اپنانا نبیﷺ کی سنّت ہے اور توبہ استغفار کے بغیر کورونا وائرس سے چھٹکارا ممکن نہیں۔
کورونا سے انتقال کرنیوالوں کو تابوت میں دفنانے کی ہدایت خیبر پختونخوا کے محکمہ ریلیف و بحالی نے کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے افراد کی تدفین سے متعلق گائیڈ لائنز جاری کی ہیں جس میں وائرس سے انتقال کرنے والوں کا غسل اور تدفین کرنے والوں کو ماسک، دستانے اور دیگر حفاظتی تدایبر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کو پلاسٹک کور میں بند کرکے تابوت میں دفن کیا جائے، غسل کے دوران استعمال ہونے والی اشیاء کو فوری تلف کیا جائے جب کہ قریبی رشتہ داروں کو میت تابوت کے گلاس پین ونڈو میں دیکھنے کی اجازت ہوگی۔