اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کورونا وائرس کی غیر تصدیق شدہ کٹس کی بھر مار پر صوبائی حکومتوں اور این ڈی ایم اے کو وارننگ دے دی ۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں فوا چوہدری نے کہا کہ صوبائی حکومتوں اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو وارننگ دینا چاہتا ہوں، وائرس کی غیر تصدیق شدہ ٹیسٹنگ کٹس کی بھرپور ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر بیمار مریض کو ٹیسٹ صحت مند ظاہر کردے گا تو اس کا مطلب ہے کئی جانوں کو خطرے میں ڈالنا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جب تک ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) پاکستان کی اپنی کٹس کی تصدیق نہیں کرتا تب تک آپ صرف تصدیق شدہ کٹس امپورٹ کریں۔
دوسری جانب جیو نیوز کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے مزید کہا کہ درآمدشدہ کٹس میں تمام خصوصیات موجود نہیں، مریض کو صحت مند ظاہر کیا جائے تویہ تشویشناک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک صرف چین کی کٹس آرہی تھیں مگر اب غیرتصدیق شدہ کٹس کی بھرمار ہوگئی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹیسٹ کا درست ہونا بھی ضروری ہے، ہمارےاپنےکٹس آجائیں تو یہ غیریقینی صورتحال ختم ہوجائےگی۔
واضح رہے کہ چینی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے ٹیسٹنگ کٹس، طبی آلات کی در آمد کا سلسلہ جاری ہے جب کہ چند روز قبل سامان کے ساتھ چینی ڈاکٹرز پر مشتمل ایک وفد بھی پاکستان پہنچا ہے جو ملکی ڈاکٹرز کو وائرس پر قابو پانے کے لیے رہنمائی کر رہا ہے۔