اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت کورونا کے باعث مزدوروں کی یومیہ اجرت کے معاملات اور دیگر چیلنجز سے آگاہ ہے۔
یکم مئی کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت مزدوروں کو ریلیف کی فراہمی پر توجہ دے رہی ہے، ہم نے مزدور منڈی، پیشہ ورانہ تربیت، مہارت کی ترقی کے پروگرام شروع کیے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے مزدوروں کو ملک، بیرون ملک ملازمت کے مواقع دینے کے منصوبے شروع کر رکھے ہیں، حکومت کورونا کے باعث مزدوروں کی یومیہ اجرت کے معاملات اور دیگر چیلنجز سے آگاہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہماری پالیسی کا مقصد ہے کہ کورونا کے دوران مزدوروں کے اہل خانہ کے لیے قابل ذکر آمدنی ہو، ہمارا ‘مزدور کا احساس’ پروگرام کم آمدنی والے مزدوروں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ہم مزدوروں کی خوشحالی کے لیے اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح واقف ہیں، حکومت معاشی ترقی کے فوائد سے مزدوروں اور دیگر طبقات کی خوشحالی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام کے آخر میں لکھا کہ اللہ ہماری مزدوروں اور ملک کی خوشحالی کے لیے کوششوں کو کامیاب کرے۔