کورونا کے باعث 2021ء میں قرضوں کی شرح بڑھنے کا خدشہ ہے: آئی ایم ایف

 IMF

IMF

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ کووڈ۔19 کی وبا کے باعث 2019ء کے مقابلہ میں 2021ء میں قرضوں کی شرح بڑھنے کا خدشہ ہے۔

قرضوں کی شرح ترقی یافتہ ممالک کی جی ڈی پی کے 20 فیصد، ایمرجنگ مارکیٹس کے 10 فیصد اور ترقی پذیر یا کم آمدنی والے ممالک کے قرضوں میں 2019ء کے مقابلہ میں 2021ء کے دوران 7 فیصد اضافہ کا امکان ہے۔

آئی ایم ایف نے اپنے بلاگ میں بین الاقوامی سطح پر قرضوں کے حجم میں کمی کے لئے اصلاحات کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترقی یافتہ، ایمرجنگ اور کم آمدنی والے زیادہ تر ممالک کے قرضوں کا تناسب پہلے سے ہی ان کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے تناسب سے زیادہ ہے۔

تاہم کووڈ۔19 کی وبا کے باعث اس میں تاریخی اضافہ کا امکان ہے۔ عالمی ادارہ نے کہا ہے کہ بعض ترقی پذیر ممالک کےقرضے پہلے سے ہی جی ڈی پی کے مقابلہ میں بہت زیادہ ہیں اور وہ مزید قرضے حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

اسی طرح ایمرجنگ مارکیٹس اور کم آمدنی والے ممالک کو قرضوں میں اضافہ کے نتیجہ میں سخت مشکلات درپیش ہیں جن کے خاتمہ کے لئے بین الاقوامی قرضوں کی شرح میں کمی کے لئے جامع اصلاحات کی فوری ضرورت ہے۔