لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) محکمہ صحت پنجاب نے کورونا وائرس کی شدت کے پیش نظر پابندیاں سخت کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب بھر میں مارکیٹیں اور بازار شام 6 بجے بند کردیے جائیں گے، کورونا کی زیادہ شرح والے 9 شہروں میں یکم اپریل سے انٹراسٹی پبلک ٹرانسپورٹ اورشادی کی تقریبات پر پابندی ہو گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کورونا کی زیادہ شرح کے باعث لاہور، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد، سرگودھا ،سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات اور شیخوپورہ میں یکم سے 11 اپریل تک ان ڈور اور آؤٹ ڈور شادی کی تقریبات پر پابندی ہوگی، ان شہروں میں انٹراسٹی پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند رہےگی، ہوٹل اور ریسٹورینٹس بند رہیں گے، صرف ٹیک اوے کی اجازت ہو گی جب کہ یہ پابندیاں 11 اپریل تک نافذ رہیں گی۔
نوٹیفکیشن کےمطابق پارک، تفریحی مقامات اورکھیلوں کی سرگرمیاں بھی بند رہیں گی ، عوامی مقامات پر منہ ڈھانپنا لازم ہوگا، مزارات اور سینما گھر مکمل بند رہیں گے، ان ڈور اور آؤٹ ڈور اجتماعات پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہےکہ لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں میٹرو بس سروس بندرہے گی جب کہ لاہورمیں اورنج ٹرین اور اسپیڈو بس سروس بھی بند رہے گی۔