کورونا: پنجاب میں بھی ہوٹلوں اور ریسٹورینٹس میں بیٹھ کر کھانے پر پابندی عائد

Hotels

Hotels

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) حکومت پنجاب نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ہوٹلوں، ریسٹورینٹس اور کیفے کے اندر کھانا کھانے پر پابندی عائد کر دی۔

سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہوٹل، ریسٹورینٹس اور کیفے کھانے کے لیے باہر بیٹھنے کا انتظام ایس او پیز اور سماجی فاصلے کے تحت کریں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق میز اور کرسیوں میں بھی مناسب فاصلہ رکھا جائے گا جب کہ کھلی جگہوں پر بھی کورونا ایس او پیز پر عمل کرنا لازم ہوگا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ماسک پہننے اور بار بار ہاتھ دھونے جیسے ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام کاروبار رات 10 بجے بند کرنے کے اوقات پہلے ہی مقرر ہیں لہٰذا عوام بھی بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔