اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) قومی ائیر لائن پی آئی اے کا خصوصی طیارہ کورونا ویکسین کی 10 لاکھ خوراکیں لے کر پاکستان پہنچ گیا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق ملک میں جاری ماس ویکسی نیشن مہم میں سہولیات بڑھانے کے ساتھ ساتھ ویکسین کی بلا تعطل سپلائی جاری ہے، جون میں سائنوفارم، کین سائنو اور سائنو ویک کی مجموعی طور پر 11 ملین خوراکیں پاکستان کو ملیں گی۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ کورونا کی کم شرح والے اضلاع میں تمام تعلیمی ادارے 7 جون سے کھول دیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا کیسز میں بتدریج کمی واقع ہو رہی ہے اور دو ماہ بعد فعال کیسز کی تعداد 50 ہزار سے کم ہوگئی ہے جب کہ مثبت کیسز کی شرح بھی 4 فیصد سے کم ہے۔
ملک میں کورونا سے اب تک مجموعی طور پر اموات کی تعداد 21189 ہوگئی اور کل کیسز کی تعداد 9 لاکھ 30 ہزار 511 ہو چکی ہے جب کہ اب تک وائرس سے 8 لاکھ 60 ہزار 385 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔