اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے پاکستان اسپورٹس کمپلیکس کو 4 روز کے لیے بند جبکہ 6 ہوٹل، 7 ریستوران اور 11 دکانیں سیل کر کے 13 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
لاہور میں بھی بازار شام6 بجے بند کرائے جانے لگے، حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف انارکلی بازار میں کارروائی کرتے ہوئے 5 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
دوسری جانب کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گوجرانوالا میں نجی بینک سیل کر دیا گیا، جبکہ فیصل آباد میں ریستوران، فوڈ پوائنٹس اور بیکرز سمیت 11 فوڈ پوائنٹس کو ایک لاکھ 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
فیصل آباد میں کارروائی کے دوران پولیس نے 6 ہوٹلوں اور 11 دکانوں کو بھی سیل کر دیا جبکہ اوکاڑہ میں شادی ہال پر چھاپے کے دوران مالک اور مینیجر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا میں آج سے شادی کی تقریبات پر پابندی ہو گی جبکہ کوئٹہ میں عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کرتے ہوئے فعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔