لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے این سی او سی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے صوبوں کے مابین پبلک ٹرانسپورٹ دو روز کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر پابندی ہفتے کی شب سے اتوار کی رات 12 بجے تک برقرار رہے گی۔
کمشنر لاہور محمد عثمان کا کہنا ہے کہ لاہور ڈویژن میں دیگر صوبوں سے آنے والی ٹرانسپورٹ کو داخلے کی اجازت نہیں ہو گی، پبلک ٹرانسپورٹ کا ایک سے دوسرے صوبے میں داخلہ یا اخراج مکمل طور پر بند رہے گا، صرف مال بردار گاڑیوں کو صوبوں کے مابین سفر کی اجازت ہو گی۔
محمد عثمان کا کہنا تھا کہ بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی اتوار کی رات 12 بجے تک رہے گی، صوبوں کے اندر بھی ٹرانسپورٹ کو 50 فیصد گنجائش کے ساتھ سفر کی اجازت ہو گی۔
کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ ایک صوبے سے دوسرے صوبے کے لیے سفر کرنے والے مسافر حضرات بس اڈوں پر تشریف نہ لائیں۔
سندھ میں بھی بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ پر ہفتے میں دو دن کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
صوبے میں ہفتہ، اتوار بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ بند رہےگی، یہ پابندی 10، 11 اپریل ہفتہ، اتوار سے 25، 26 اپریل تک ہو گی اور اس دوران صرف مال بردار گاڑیوں، طبی سامان اور دیگر ایمرجنسی کے حوالے سے گاڑیوں کو استثنیٰ حاصل ہو گا۔