اسلام آباد (پریس ریلیز) الخدمت کورونا ٹاسک فورس کے چیئرمین ڈاکٹر حفیظ الرحمن اور الخدمت فاؤنڈیشن کے سیکرٹری جنرل شاہد اقبال نے دیگر ذمہ داران کے ہمراہ الخدمت کورونا ٹیسٹنگ لیب کا دورہ کیا۔دورے کا مقصد الخدمت کورونا ٹیسٹنگ لیب کی اب تک کی کارکردگی کا جائزہ لینا اور آئندہ کی حکمت عملی طے کرنا تھا۔ اِس موقع پر الخدمت کورونا ٹیسٹنگ لیب کے پراجیکٹ منیجر سیدانوار عالم نے الخدمت کے وفد کو بتایا کہ لیب میں ٹیسٹنگ کاباقاعدہ آغاز 4مئی کوکردیا گیا تھا۔جہاں روزانہ اوسطاََ 150کورونا ٹیسٹ کئے جارہے ہیں۔
الخدمت کورونا ٹیسٹنگ لیب میں عوام الناس کی سہولت کیلیے گھر سے سیمپل کلیکشن اور آن لائن ٹیسٹ رپورٹ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل شاہد اقبال نے اِس موقع پر کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ یا علاج کیلیے کوئی ویکسین یا دوا ایجاد نہیں ہوئی لیکن کورونا کی علامات ظاہر ہونے پر کورونا کا مریض بروقت تشخیص سے دوسرے افراد کو کورونا میں مبتلا ہونے سے بچا سکتا ہے۔
الخدمت فاؤنڈیشن نے اسی ضمن میں عوام الناس کو ریلیف فراہم کرتے مشکل حالات میں ابتدائی طور پر لاہور میں الخدمت کوروناٹیسٹنگ لیب کا آغاز کیا ہے۔الخدمت کورونا ٹیسٹنگ لیب پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن سے منظور شدہ ہے جہاں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے وضع کردہ اصولوں کے مطابق امریکن ادارے ایف۔ ڈی۔اے کی جدید کٹس کے ذریعے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے اس موقع پر کہا کہ الخدمت کورونا ٹیسٹنگ لیب میں مارکیٹ کے مقابلے میں معیاری اور کم قیمت میں ٹیسٹنگ کی سہولت مہیا کی جاری ہے۔کراچی میں لیب کی تیاری تکمیل کے مراحل میں ہے جبکہ جلد ہی ملتان اور فیصل آباد میں بھی ٹیسٹنگ کا آغاز کردیا جائے گا۔